شاہجہاں پور، 9 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) یوپی کے شاہجہان پور میں گرام سماج کی آدھا بیگھہ اراضی کے تنازعہ میں دبنگوں نے ایک شخص کی بندوق کے بٹ سے پیٹ پیٹ کرجان لے لی۔ صرف یہی نہیں غنڈوں نے ہلاک ہونے والے فرد کے گھرمیں لوٹ مار بھی کی۔
اس کے علاوہ غنڈوں کی پٹائی سے مقتول کا بھتیجا شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ آوروں پر کھلی فائرنگ کابھی الزام ہے۔ اہل خانہ نے قتل، لوٹ مار کی دفعہ کے تحت 17 افراد کے خلاف رپورٹ درج کی، جن میں سے 14 افراد نامزد ہیں۔یہ چونکا دینے والا واقعہ تلہار کوتوالی کے علاقے راجپور پور گاؤں کا ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کا نام راجیو ورما تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ حملہ آور صبح 6 بجے راجیو کے گھر میں داخل ہوئے اوراہل خانے سے لڑتے ہوئے گھر والوں کو لوٹ لیا۔ حملہ آوروں نے راجیو اور اس کے بھتیجے کو بھی شدید مارا پیٹا۔ حملہ آور راجیو کو گھر سے گھسیٹ کر باہر لے گئے اور اسے سڑک پر لے گئے اور فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔ نازک حالت میں راجین اور بھتیجے کو ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
راجیو ورما کی بھانجی سریتا نے بتایا کہ اس کا بھائی اودھیش، چھوٹی بہن اور بچے گھر پر تھے۔ اس وقت پڑھیرا گاؤں کھیریا مال کے پرتی پال سنگھ کے کنبے کے درجن سے زیادہ افراد بے دردی کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کردی۔سریتا کا الزام ہے کہ اس دوران حملہ آوروں نے گھر میں رکھے ہوئے زیورات کو لوٹ لیا۔ احتجاج کرنے پر اس کے بھائی اودھیش کو بندوق کے بٹ سے ٹکر مار دی، جس سے اس کا سر کٹ گیا اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔
اس دوران حملہ آوروں نے اس کے چچا راجیو ورما پر بھی حملہ کرنا شروع کردیا اور اسے بندوق کے بٹ سے مارتے ہوئے اسے کافی حد تک سڑک پر گھر سے باہر گھسیٹ لیا۔ اس دوران حملہ آوروں نے شدید فائرنگ کی۔گاؤں کے لوگوں کی ہنگامہ آرائی اور بھیڑ کے موقع پر آ نے کی وجہ سے حملہ آور راجیو کو مردہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس موقع پر پہنچی اور راجیو ورما اور اس کے بھتیجے اودھیش کو ایمبولینس سے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال لے گئی جہاں سے دونوں کو تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ اسپتال ریفر کردیا گیا۔کوتوال دیپک شکلا نے بتایا کہ راجیو ورما کا علاج کے دوران ضلعی اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر ہلاک ہونے والے افراد کے گھر پر دو پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ کوتوال دیپک شکلا پولیس فورس کے ساتھ گاؤں پہنچے اور حملہ آوروں کے گھروں پر چھاپہ مارا، لیکن حملہ آور گھر کو تالے لگا کر فرار ہوگئے۔